مظفر آباد: آزاد کشمیر میں عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں جاری لانگ مارچ، ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہریوں نے پرامن تحریک چلائی اور تاریخ ساز لانگ مارچ کیا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے نتیجے میں حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمت میں کمی کردی جبکہ حکمراں اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے کےلیے جوڈیشل کمیشن بنادیا، کشمیری عوام کی کامیاب جدوجہد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران گرفتار تمام افراد کو رہا کرکے مقدمات کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، لہذا کمیٹی لاک ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے تاہم شام تین بجے تک ریاست بھر میں احتجاج کے دوران جاں بحق افراد کے سوگ میں شٹر ڈاؤن رہے گا۔